بجلی کی قیمت میں 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافی اضافے کی منظوری دے دی۔

منظوری جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ فیصلے کے حوالے سے نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کے باعث 7 ارب 42 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا، ایل این جی کی قلت کے باعث 6 ارب 93 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔

اضافے کی وجوہات کے حوالے سے نیپرا حکام کا مزید کہنا تھا کہ بالو کی، چائنا پاور پلانٹ، ہل مور، سفار پاور پلانٹ کی جگہ مہنگے پلانٹس لگائے گئے۔ نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے کی درخواست سے 35 پیسے کی کمی کی گئی ہے، یہ رقم بھی گزشتہ ماہ کے مقابلے میں بہت کم ہے جو خوش آئند ہے۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق عدالت کا کل کا فیصلہ صرف ایک ماہ کے لیے ہے، عدالت کا فیصلہ جون کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا ہے۔ دوسری جانب سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 103 ارب روپے نہ ملے تو بجلی کی پیداوار جاری رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں زیادہ تر پاور پلانٹس عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے پلانٹس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Leave a Comment